حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پیروان ولایت جموں و کشمیر کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے عالمی یوم القدس کے موقع پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصب و جابر صیہونی ریاست اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے جلد از جلد قرار داد پاس کرکے انسانی اور قانونی تقاضوں کے مطابق قدس کی آزادی کا اعلان کریں۔
مولانا نے کہا کہ یوم القدس یوم مستضعفین جہاں کا دن ہے اس دن نہ فقط اسرائیلی دہشتگردی بلکہ دنیا کے کونے کونے میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس کے برکات سے ہی آج دنیا کے گوشہ و کنار میں انقلابی تحریکیں پھوٹ پڑی ہیں اور بیشتر ممالک میں ظالم و جابر حکمرانوں کا بور و بستر گول ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یوم القدس کسی مخصوص مکتب فکر یا مسلک و ملت کا دن نہیں ہے بلکہ عالمگیر سطح پر ظالموں اور سرکاری دہشتگردی کے خلاف اعلان جنگ کا دن ہے۔
انہوں نے رہبر کبیر حضرت آیت اللہ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسی بزرگ و جید رہنما و رہبر کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ غیور مسلمان اسرائیل اور امریکہ کے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس دہشتگردی کا مقابلہ کررہے ہی۔
انہوں نے کہا کہ درحقیقت یوم القدس نے ملت مرحومہ میں نئی روح پھونک کر ان میں سامراجی و صیہونی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمت حوصلہ شجاعت اور استقلال کا جذبہ پیدا کیا۔جو خاص طور پر اسرائیل کی نابودی کا باعث بننے والا ہے ۔
مولانا نے ملت اسلامیہ بلکہ تمام عالم انسانیت سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کی بقاء کے لئے یوم القدس شاندار انداز میں منانے کا اہتمام کریں انہوں نے تلقین کی کہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ سنگین صورتحال کے پیش نظر کسی بھی طرح کے اجتماعی پروگرامات منعقد کرنے سے پرہیز کریں لیکن سوشل میڈیا الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے ویبنارز کا بھرپور اہتمام کریں ۔